برطانوی جج کے ریمارکس شریف خاندان کے لیے کلین چٹ ہیں: حسین نواز

لندن(مجتبیٰ علی شاہ )سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا ہے کہ کوششوں کے باوجود پاکستان سے باہر کسی بھی ملک میں ہمارے خلاف کوئی کیس رجسٹر نہ ہونا، بے گناہی کا ثبوت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ برطانوی جج سر انتھونی ایونز نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ نواز شریف یا ان کے خاندان کے افراد کے خلاف کوئی چیز سامنے نہیں آسکی، جج کے یہ ریمارکس شریف خاندان کیلئے کلین چٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین جب بھی کسی غیرجانبدار فورم پر گئے انہیں منہ کی کھانی پڑی،ایک ارب ڈالر منتقل کرنے کے دعوے میں کوئی صداقت نہیں۔حسین نواز نے کہا کہ نواز شریف کے اثاثوں سے متعلق جے آئی ٹی کے اعدادوشمار کو نیب پر لاگو کردیا گیا،براڈ شیٹ نے نیب کے بے بنیاد دعووں کی بنیاد پر 20 فیصد حصہ وصول کرلیا، سزا ٹیکس دہندگان کو ملی،لندن معاہدے کے مطابق اگر حکومت پاکستان بھی کوئی رقم برآمد کرتی تو اس میں سے بھی براڈ شیٹ کو حصہ ملنا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں پروپیگنڈے اور جھوٹ کا کارخانہ لگا ہوا ہے،جلسوں میں بڑے دعوے کرنے والوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ ثبوت پیش کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن کا ایکشن نہ لینا سمجھ سے بالاتر ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں