وزیراعظم عمران خان کی یونیورسل ہیلتھ کوریج پر خیبرپختونخوا حکومت کو مبارکباد

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے یونیورسل ہیلتھ کوریج پر خیبرپختونخوا حکومت کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے تمام شہریوں کیلیے یونیورسل ہیلتھ کوریج پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے 4 کروڑ شہریوں کو ہیلتھ انشورنس کی سہولت دی گئی ہے، ہر خاندان خیبرپختونخوا کے 400 ہسپتالوں میں 10 لاکھ روپے تک کا علاج کرا سکے گا۔
یاد رہے خیبرپختونخوا یونیورسل ہیتلھ کوریج دینے والا پہلا صوبہ بن گیا۔ صوبہ میں 65 لاکھ گھرانوں کے 4 کروڑ افراد کو مفت علاج کی سہولت حاصل ہوگی۔ ہر فیملی 10 لاکھ روپے تک کا علاج مفت کروا سکتی ہے۔ سہولت خیبرپختونخوا کے تمام رہائشیوں کو شناختی کارڈ پر دستیاب ہوگی۔

منصوبے پر عملدرآمد گزشتہ سال اکتوبر سے شروع کیا گیا تھا۔ پہلے مرحلے میں سوات چترال اور ملاکنڈ کی آبادی کو شامل کیا گیا۔ نومبر، دسمبر 2020 میں دیگر اضلاع کو شامل کیا گیا۔ گزشتہ ماہ پشاور، مردان سمیت دیگر اضلاع کو شامل کیا گیا۔

گزشتہ ماہ کے آخر میں صحت کارڈ کا دائرہ جنوبی اضلاع تک پھیلایا گیا۔ ملک بھر کے 400 سے زائد سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں مفت علاج ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں