سرکاری ملازمین اور حکومتی کمیٹی میں مذاکرات، تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے کا فیصلہ

اسلام آباد: سرکاری ملازمین کے رات گئے حکومتی کمیٹی سے مذاکرات میں اہم پیشرفت، آئندہ بجٹ تک گریڈ ایک سے بائیس تک تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے کا فیصلہ کرلیا گیا، باقاعدہ اعلان آج ہوگا۔
آل گورنمنٹ ایمپلائز الائنس کے رہنماؤں نے حکومتی کمیٹی سے مذاکرات کے بعد کہا ہے تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ تسلیم کر لیا گیا ہے، آج ڈھائی بجے تک نوٹیفکیشن جاری کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوٹیفکیشن جاری نہ ہوا تو آج دوبارہ پارلیمنٹ کی جانب مارچ کریں گے، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ساتھیوں کی رہائی کا اعلان کیا ہے، جس کا خیر مقدم کرتے ہیں، پی ڈی ایم سے گزارش ہے کہ معاملہ کو سیاسی نہ بنائیں۔

یاد رہے اسلام آباد کی شاہراہ دستور گزشتہ روز میدان جنگ بنی رہی، صبح سویرے ہی مطالبات کے حق میں احتجاج کے لیے وفاقی ملازمین نے کام چھوڑا اور ڈی چوک پہنچ گئے۔ پولیس نے ملازمین کو گرفتار کیا تو پتھراؤ شرو ع کر دیا گیا۔ پولیس کی جوابی شیلنگ سے ایک سرکاری ملازم زخمی جبکہ میڈیا ورکرز سمیت کئی افراد کی حالت غیر ہوگئی۔

مشتعل ملازمین نے وزیر اطلاعات شبلی فراز کی گاڑی بھی روک لی، احتجاج کے باعث پاک سیکرٹریٹ کے دروازے بند کر دیئے گئے جو مغرب کے بعد کھولے گئے۔ احتجاج کے باعث اسلام آباد کی کئی شاہراوں پر دن بھر شدید ٹریفک جام رہا جس سے شہریوں سخت مشکلات کا سامنا رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں