فائنل ٹی ٹونٹی: ساؤتھ افریقا کو 4 وکٹوں سے شکست، سیریز شاہینوں کے نام

لاہور: (دنیا نیوز) قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور فائنل ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر سیریز دو، ایک سے جیت لی ہے۔
فائنل مقابلے میں آل راؤنڈر حسن علی اور محمد نواز مرد میدان رہے جنہوں نے آخری اوور میں جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو فتح دلوائی۔
حسن علی نے چھکا لگا کر ٹیم کا جیت سے ہمکنار کیا۔ انہوں نے 1 چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 20 جبکہ محمد نواز نے 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 18 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے اوپنر کھلاڑی محمد رضوان نے فائنل مقابلے میں بھی اپنی بلے بازی کے شاندار جوہر دکھائے۔ انہوں نے 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے صرف 30 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 42 رنز کی اننگز کھیلی۔

دیگر بلے بازوں میں کپتان بابر اعظم کا بھی آج بلا خوب چلا۔ انہوں نے 30 گیندیں کھیل کر پانچ چوکے اور ایک چھکا مارا جس سے وہ 44 رنز بنانے میں کامیاب رہے جبکہ حیدر علی 15، حسین طلعت 5، آصف علی 7 اور فہیم اشرف 10 رنز بنا سکے۔ قومی ٹیم نے اٹھارہ اعشاریہ چار اوورز کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔
اس سے قبل کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت تھی۔
یہ فیصلہ درست ثابت ہوا کیونکہ پاکستانی باؤلرز نے اپنی نپی تلی باؤلنگ سے ناصرف رنز روکے بلکہ ابتدائی کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں بھی کامیاب رہے۔
پاکستان کی جانب سے عثمان قادر، حسن علی محمد نواز اور اپنا پہلا ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے والے زاہد محمود نے شاندار باؤلنگ کی
جانیمین میلان 27، ریزا ہینڈرکس 2، جے جے سمٹس 1، پیٹی وان 16، ہینرچ صفر، اینڈائل صفر، پیٹورئیس 9 اور بورجن صرف 10 رنز بنا سکے۔
تاہم ڈیوڈ ملر نے پاکستانی باؤلنگ لائن کے ایسے پرخچے اڑائے کہ انھیں اپنی لائن لینتھ ہی بھول گئی۔ ملر نے آخری اوور میں 4 چھکے مار کر اپنی ٹیم کے سکور کو 164 رنز تک پہنچایا۔
ڈیوڈ ملر نے صرف 45 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 7 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 85 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے زاہد محمود نے 3، حسن علی اور محمد نواز نے دو، دو جبکہ عثمان قادر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں