بنگلادیش کو آخری ٹیسٹ میں شکست، ویسٹ انڈیز نے سیریز دو صفر سے جیت لی

ڈھاکہ: بنگال ٹائیگرز نے کامیابی کی منزل کے قریب آکر ہمت ہار دی۔ ویسٹ انڈیز نے بنگلادیش کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں نا صرف 17 رنز سے شکست دی بلکہ دو میچوں کی سیریز میں دو صفر سے آپریشن کلین سویپ بھی مکمل کر لیا۔ رکھیم کورن ویل کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

شیر بنگلا نیشنل کرکٹ سٹیڈیم پر ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن ویسٹ انڈیز نے تین وکٹوں پر 41 رنز کے ساتھ کھیل کا آغاز کیا تاہم تیج الاسلام اور نعیم حسن کی شاندار باؤلنگ کے باعث مہمان سائیڈ دوسری اننگز پر 117 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ این کروما بونر 38، جوشوا ڈسلوا 20 اور جرمین بلیک ووڈ نو رنز تک محدود رہے۔ تیج الاسلام نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں بنگلا دیشی ٹیم 231 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 213 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ تمیم اقبال کی نصف سنچری بھی میزبان ٹیم کے کام نہ آسکی۔ مہدی حسن میراز 31، لٹن داس 22، مشفق الرحیم، نعیم حسن چودہ چودہ اور محمد متھن نے 10 رنز تک مزاحمت کی۔ رکھیم کورن ویل نے چار وکٹیں لے کر ویسٹ انڈیز کو دوہزار سترہ کے بعد اپنی سرزمین سے باہر پہلی سیریز میں کامیابی دلائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں