پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد: پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا ان کیمرہ اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔

پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اِن کیمرا اجلاس آج سہ پہر3 بجے ہوگا جس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کریں گے جب کہ اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق امور ایجنڈے کا حصہ ہوں گے، اس دوران افغانستان کی موجودہ صورتحال اور اس کے پاکستان پر اثرات کے حوالے سے بات ہوگی۔

ڈی جی آئی ایس آئی ملکی داخلی صورت حال کے علاوہ افغانستان، بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر بریفنگ دیں گے۔

پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس میں حکومت کی طرف سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر دفاع پرویز خٹک شریک ہوں گے جب کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری سمیت ارکان پارلیمنٹ اور وزرا بھی کمیٹی کے ارکان میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ چیئرمین سینیٹ، وزرا ، اراکین پارلیمنٹ و سینیٹ کو بھی کمیٹی میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں