کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم، انگلینڈ کی پوری ٹیم انتظامیہ سمیت تبدیل

کورونا وبا کی وجہ سے کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم ہو گیا ، انگلینڈ کی پوری ٹیم انتظامیہ سمیت تبدیل کر دی گئی۔

پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے اعلان کردہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے 3 کھلاڑیوں اور 4 انتظامیہ ارکان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے جس کے بعد انگلش بورڈ نے 9 نئے کھلاڑیوں کے ساتھ سے 18 رکنی نئی ٹیم کا اعلان کر دیا ۔ ٹیم کی قیادت بین اسٹوکس کریں گے ۔

انگلش ٹیم کے تین کھلاڑیوں سمیت سات افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پوری ٹیم کو آئسولیٹ کردیا گیا ہے اور کپتان بھی بدل دیا گیا ہے۔ اوئن مورگن کی جگہ قیادت بین اسٹوکس کو سونپ دی گئی ہے۔

نئی اعلان کردہ ٹیم میں فل سالٹ ، جیمز وینس ، ثاقب محمود ، ڈیوڈ ملان، لیوئیس گرےگوری ، بین ڈکیٹ اور زیک کرولی کی واپسی ہو ئی ہے۔ نئے اسکواڈ میں 9 کھلاڑی ایسے ہیں جنہوں نے اب تک ون ڈے ڈیبیو نہیں کیا۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے والے تمام افراد اور ان کے ساتھ پوری ٹیم کو 4جولائی سے آئسولیشن کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ون ڈے جمعرات کو کارڈف میں کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں