ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی سے متعلق اعداد وشمارجاری کردیے۔

لاہور (کامرس رپورٹر) ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی سے متعلق اعداد وشمارجاری کردیے۔ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ہفتہ واربنیادوں پرچینی کی قیمت ایک روپے 55 پیسے فی کلوبڑھ گئی اور ملک میں چینی کی اوسط قیمت 105 روپے24 پیسے فی کلوتک پہنچ گئی جبکہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 6 روپے 58 پیسے کا اضافہ ہوا اور 20 کلو آٹے کا تھیلا 1134 روپے58 پیسے کا ہوگیا۔ادارہ شماریات نے بتایا کہ ڈھائی کلو کے ڈبے کی قیمت 20 روپے 57 پیسے بڑھی جبکہ تیل کی قیمت میں بیس روپے کا اضافہ ہوا۔ادارہ شماریات کے مطابق مٹن کی قیمت میں ایک ہفتے میں 2 روپے 24 پیسے فی کلو کا اضافہ ہوا، ٹماٹر4 روپے چھیالیس پیسے فی کلو ، پیاز ایک روپے پانچ پیسے فی کلو اور انڈے پانچ روپے چھپن پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔ادارہ شماریات نے بتایا کہ پیٹرول 5 روپے 38 پیسے اورڈیزل 2روپے64 پیسےفی لیٹرمہنگا ہوا، حالیہ ایک ہفتےمیں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 172 روپے 11 پیسے مہنگا ہوا۔اس کے علاوہ چاول، بیف، گڑ، دال مسور، دودھ اور دہی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے میں دال مونگ، آلو، دال ماش اور دال چنا کی قیمتوں میں کمی آئی ہے ، برائلر چکن 34 روپے 40 پیسے سستی ہوگئی ہے۔ادارہ شماریات نے بتایا کہ حالیہ ہفتے 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں