گلوکار ہنی سنگھ نے اہلیہ کے الزامات پر خاموشی توڑ دی

بھارتی گلوکار ہنی سنگھ نے اہلیہ شالینی تلوار کی جانب سے جنسی تشدد سمیت دیگر الزمات پر خاموشی توڑ دی۔

گزشتہ شب ہنی سنگھ نے ٹوئٹر پر وضاحتی پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے ناقدین سے اپیل کی کہ تحقیق کیے بغیر کوئی نتیجہ اخذ نہ کریں۔

ہنی سنگھ نے تمام الزامات کو ناگوار قرار دیتے ہوئے لکھا کہ شالینی کی طرف سے مجھ سمیت میری فیملی پر لگائے جانیوالے جھوٹے الزامات کے بعد سخت تکلیف میں ہوں، ماضی میں میرے گانوں پر تنقید، میری صحت کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی گئیں جن سے متعلق کبھی اس طرح بیان جاری نہیں کیا۔
https://help.twitter.com/en/twitter-for-websites-ads-info-and-privacy
گلوکار نے لکھا کہ اس معاملے پر خاموش رہنا بہتر نہیں کیونکہ میرے بوڑھے ماں باپ اور چھوٹی بہن پر الزامات عائد کیے جارہے ہیں جو ہر مشکل وقت میں میرے ساتھ کھڑے تھے، یہ الزامات محض مجھے بدنام کرنے کیلئے ہیں۔

انہوں نے اہلیہ کے ساتھ اپنے رشتے کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میں 15 سال سے انڈسٹری سے وابستہ ہوں اور ملک بھر کے فنکاروں اور موسیقاروں کے ساتھ کام کیا، ہر کوئی میری اہلیہ کے ساتھ میرے تعلقات سے آگاہ ہے، اہلیہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے میری شوٹنگ، ایونٹس اور کام کے سلسلے میں کی جانیوالی ملاقاتوں میں میرے ساتھ ہوتی تھیں۔

ہنی سنگھ نے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں ان سب کی سختی سے تردید کرتا ہوں اور اب اس معاملے پر مزید تبصرہ نہیں کروں گا کیونکہ یہ عدالت میں زیر سماعت ہے، مجھے اس ملک کے عدالتی نظام پر پورا بھروسہ ہے اور یقین ہے کہ سچ جلد سامنے آجائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں