’عامر خان نے مدد کی یقین دہانی کرائی پھر فون بھی نہیں اٹھایا‘

سینیئر بھارتی اداکار انوپم شیام کے بھائی انوراگ شیام نے دعویٰ کیا ہے کہ معروف بالی وڈ اداکار عامر خان نے انہیں ڈائلسز سینٹر فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن جب ضرورت پڑی تو فون بھی نہیں اٹھا رہے تھے۔

انوراگ شیام نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ان کے بھائی پرتاب گڑھ اپنی بیمار والدہ سے ملنے جانا چاہتے تھے لیکن اس شہر میں ڈائلسز سینٹر نہ ہونے کی وجہ سے اداکار کو خود اپنی صحت کے حوالے سے بھی خدشات تھے جس کی وجہ سے وہ وہاں نہیں جا پارہے تھے۔

انوراگ کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں سخت مشکلات کا سامنا ہے، گذشتہ ماہ والدہ کے انتقال پر انوپم نے ان سے آخری مرتبہ ملاقات نہ ہو پانے کا بھی صدمہ لیا تھا۔

معروف بھارتی اداکار انوپم شیام انتقال کرگئے

آنجہانی اداکار کے بھائی نے مزید کہا کہ ہم نے پرتاپ گڑھ میں عامر خان سے ایک ڈائلسز سینٹر کا بندوبست کروانے کی درخواست کی تھی، انوپم خود بھی عامر سے ملنے گئے تھے جس پر عامر نے مدد کرنے کی یقین دہانی کرائی مگر کچھ ماہ بعد انہوں نے ہماری کال اٹھانا بھی بند کردی تھی۔

انوراگ نے بتایا کہ ان کے بھائی اپنا شو بند ہونے پر بھی کافی پریشان تھے۔ یہ وہ وجوہات تھیں جن کی وجہ سے وہ کافی فکر مند رہتے تھے۔

واضح رہے کہ انوپم شیام گذشتہ چند عرصے سے بیمار تھے اور انہیں گردوں کا عارضہ لاحق تھے۔

گذشتہ دنوں ان کے متعدد اعضاء نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا اور وہ ممبئی کے ایک اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد گذشتہ روز چل بسے تھے۔

اپنی آخری فلم کی شوٹنگ کے دوران بھی انوپم شیام انجیکشن لیتے رہے تھے۔

خیال رہے کہ انوپم شیام کو آخری مرتبہ بھارتی ڈرامہ سیریل من کی آواز پرتگیا 2 میں دیکھا گیا تھا۔

انہوں نے سلم ڈاگ ملینیئر، بینڈتھ کوئن، دل سے، لگان اور ہزاروں خواہشیں ایسی سمیت کئی فلموں میں کام کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں