وزیراعظم کی ہدایت پر پاکستان کی طرف سے افغانستان کے لیے امداد کی ترسیل شروع

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پاک فضائیہ کا سی130 طیارہ امدادی سامان لے کر کابل پہنچ گیا ہے
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، حکومت پاکستان کی طرف سے افغان عوام کے لیے امداد کی ترسیل کا آغاز کیا جاچکا ہے، جس کے لیے پاک فضائیہ کا سی 130 طیارہ کابل پہنچ گیا ہے ۔
ترجمان دفتر خارجہ کا بتانا ہے کہ امدادی پیکج میں تقریباً 10 ٹن آٹا ، 1.5 ٹن گھی اور ادویات شامل ہیں۔ اس حوالے سے کابل میں موجود جیو نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ا فغانستان میں پاکستان کے سفیر منصوراحمد خان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں خوراک اورادویات کی قلت پیدا ہو رہی ہے جس کے پیش نظر افغانستان کو 26 میٹرک ٹن امدادی اشیا دی جائیں گیمنصور احمد کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری کو بھی مشکل وقت میں افغانستان کی مدد کرنی چاہیے۔
پاکستان کا انسانی بنیادوں پر افغانستان کی مدد کا فیصلہ
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کی جانب سے انسانی بنیادوں پر افغانستان کی مدد کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے پیش نظر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کے عوام کے لیے خوراک اور ادویات کی امدادبھجوائی جارہی ہے، امدادی سامان تین سی 130 طیاروں کے ذریعے افغانستان بھجوایا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں